ملتان: بہاولپور پرنٹنگ پریس قومی و ثقافتی ورثہ ہے، نیلامی کسی صورت قبول نہیں : سرائیکی رہنماؤں کا احتجاجی اعلان
ملتان: بہاولپور پرنٹنگ پریس قومی، ثقافتی ورثہ ہے۔ بندش، نیلامی یا خاتمہ قومی شعور اور قومی مفاد کے منافی ہے۔ ظالم حکمران نشتر ہسپتال کو بھی فروخت کرنے کے در پر ہیں۔ سرائیکی وسیب کے اداروں کی نیلامی بند کی جائے ورنہ پورے وسیب میں احتجاج کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین سرائیکستان ڈیمو کریٹک پارٹی رانا محمد فراز نون، عنایت اللہ مشرقی، ڈاکٹر ظفر ہانس، مطلوب حسین شاہ بخاری، شاہ نواز خان مشوری، باسط سلطان کھر، اجمل مسن، بشیر احمد خان یوسفزئی اور خواجہ شعیب الحسن نے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ریاست بہاولپور کے قائم کردہ ادارے کو وقتی مفاد کے برعکس حکومتی سرپرستی میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ ڈیڑھ صدی قبل قائم کیا جانے والا ادارہ گورنمنٹ پرنٹنگ پریس، بہاولپورکی انفرادی شناخت ہی نہیں بلکہ قدیم قومی ورثے کی بھی حیثیت رکھتا ہے۔ پرنٹنگ پریس بہاول پور کے اثاثہ جات اسکی تاریخی حیثیت اور ملازمین کا تحفظ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ پرنٹنگ پریس بہاول پورکی بندش یا خاتمہ کسی طور قابل قبول نہیں ملازمین کا مستقبل داؤ پر نہ لگایا جائے۔ پرنٹنگ پریس قومی ثقافتی ورثہ اور تاریخی اثاثہ ہے زندہ قومیں اپنے اثاثہ جات کی حفاظت کرتی ہیں اور ہم زندہ قوم ہونے کے ناطے حکمرانوں کو سرائیکی وسیب کے ادارے نہیں بیچنے دیں گے کہ پہلے ہی پی آئی اے کو کوڑیوں کے بھائو بیچا گیا۔ سرائیکی رہنمائوں نے کہا کہ بہاولپور پرنٹنگ پریس کی بندش، نشتر کی فروخت کا فیصلہ فوری واپس لیا جائے ورنہ ہمارا احتجاج حکومت وقت کو یہ ظالمانہ اور مزدور دشمن فیصلہ واپس لینے پر مجبور کر دے گا جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہو گی۔



































Visit Today : 124
Visit Yesterday : 509
This Month : 1666
This Year : 65385
Total Visit : 170373
Hits Today : 325
Total Hits : 886918
Who's Online : 5





















