ڈسٹرکٹ بار ملتان میں تاریخی کامیابی، سیدہ بشریٰ نقوی کو وکلاء رہنماؤں کی بھرپور مبارکباد، پھولوں کے ہار پہنائےگئے
ملتان(صفدربخاری سے) مرزا عزیز اکبر بیگ سابق ممبر پاکستان بار کونسل، ستارہ نعیم عباس ایڈووکیٹ ہائیکورٹ اور تابش خان ایڈووکیٹ نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کی نو منتخب صدر سیدہ بشریٰ نقوی کو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ اس موقع پر معزز وکلاء نے کہا کہ سیدہ بشریٰ نقوی کی کامیابی وکلاء برادری خصوصاً خواتین وکلاء کے لیے ایک خوش آئند اور تاریخی پیش رفت ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نو منتخب صدر اپنی قائدانہ صلاحیتوں، جرات مندانہ فیصلوں اور مثبت طرزِ قیادت کے ذریعے بار کے مسائل حل کرنے میں مؤثر کردار ادا کریں گی۔ نو منتخب صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملتان سیدہ بشریٰ نقوی نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے مرزا عزیز اکبر بیگ، ستارہ نعیم عباس ایڈووکیٹ اور تابش خان ایڈووکیٹ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان پر وکلاء برادری نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وکلاء اور کالے کوٹ کے تقدس کے تحفظ کے لیے عملی اور مثبت اقدامات کیے جائیں گے۔ بار اور بینچ کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا تاکہ انصاف کی فراہمی کا عمل مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ سیدہ بشریٰ نقوی نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ خواتین وکلاء کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور ڈسٹرکٹ بار کو ایک مضبوط، متحد اور باوقار ادارہ بنانے کے لیے تمام وکلاء کو ساتھ لے کر چلیں گی۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے نو منتخب صدر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کامیابی کے لیے دعا کی۔



































Visit Today : 225
Visit Yesterday : 509
This Month : 1767
This Year : 65486
Total Visit : 170474
Hits Today : 1060
Total Hits : 887653
Who's Online : 12





















