ملکی معیشت کی بحالی برآمدات میں اضافے سے ہی ممکن ہے: سید جعفر شاہ
ملتان: مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے ضلعی صدر سید جعفر شاہ نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کو مستحکم کرنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے برآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک برآمدات کے فروغ کے لیے ٹھوس اور دیرپا اقدامات نہیں کیے جاتے، معاشی مشکلات پر قابو پانا ممکن نہیں ہوگا۔ سید جعفر علی شاہ نے ایف پی سی سی آئی کی جانب سے لاہور میں منعقدہ برآمدات کے فروغ سے متعلق گول میز کانفرنس کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور بزنس کمیونٹی کے درمیان اس نوعیت کا براہِ راست مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برآمدات میں اضافے کے لیے ٹیکس پالیسی میں اصلاحات، توانائی کی قیمتوں میں نمایاں کمی اور شرح سود کو سنگل ڈیجٹ میں لانا ناگزیر ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انرجی کی بلند قیمتیں، بھاری ٹیکسیشن اور زیادہ انٹرسٹ ریٹ صنعتکاروں اور تاجروں کے لیے سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، جن کی وجہ سے پیداواری لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے اور عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کا مقابلہ کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ضلعی صدر نے کہا کہ کانفرنس میں بزنس کمیونٹی کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز، جن میں توانائی کی قیمتوں میں استحکام، ٹیکس نظام میں اصلاحات، تجارتی سہولت کاری اور نئی منڈیوں تک رسائی شامل ہیں، انتہائی اہم ہیں اور ان پر فوری عملدرآمد ہونا چاہیے۔ انہوں نے وفاقی سیکرٹریز کی جانب سے تاجروں کی سفارشات کو پالیسی سازی میں شامل کرنے کی یقین دہانی کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔ سید جعفر علی شاہ کا کہنا تھا کہ اگر حکومت پالیسیوں میں تسلسل، صنعت دوست فیصلے اور نجی شعبے کے ساتھ قریبی مشاورت کو یقینی بنائے تو پاکستان کی برآمدات میں پائیدار اضافہ ممکن ہے، جو بالآخر ملکی معیشت کی بہتری کا سبب بنے گا۔





































Visit Today : 449
Visit Yesterday : 533
This Month : 6742
This Year : 54578
Total Visit : 159566
Hits Today : 2786
Total Hits : 718731
Who's Online : 4





















