موٹر وہیکل آرڈیننس 2025 ناقابلِ عمل قرار، ٹرانسپورٹ سیکٹر شدید بحران کا شکار: ٹرانسپورٹ قیادت
ملتان: ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز نے 8 دسمبر سے پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے حکومت کو چار روز کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔ ٹرانسپورٹ قیادت کا کہنا ہے کہ ناقابل عمل موٹر وہیکل آرڈیننس 2025 نے لاکھوں خاندانوں کے معاشی مستقبل کو خطرے میں ڈال دیا ہے، اگر حکومت نے مطالبات نہ مانے تو پنجاب بھر میں ٹرانسپورٹ کا نظام مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔پاکستان ٹرانسپورٹ متحدہ ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے 8 دسمبر سے صوبہ بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان کر دیا۔ مرکزی چیئرمین عصمت اللہ نیازی اور آل پاکستان پبلک ٹرانسپورٹ فیڈریشن جنوبی پنجاب کے صدررانا محمد اصغر نے کہا کہ تمام ٹرانسپورٹرز ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں اور ملک ٹرانسپورٹ کے بغیر نہیں چل سکتا،موٹر وہیکل آرڈیننس 2025 کو زمینی حقائق دیکھے بغیر نافذ کیا، جس کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ سیکٹر شدید بحران کا شکار ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا یہ ہڑتال کسی سیاسی ایجنڈے کا حصہ نہیں، بلکہ ٹرانسپورٹ سے وابستہ لاکھوں خاندانوں کے بقاء کا مسئلہ ہے۔انہوں نےکہا موٹر وہیکل آرڈیننس 2025 کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ٹرانسپورٹرز سالانہ اربوں روپے ٹیکس دیتے ہیں، اس کے باوجود حکومت کا رویہ سوتیلی ماں جیسا ہے۔ مختلف محکموں میں موجود ٹرانسپورٹ دشمن پالیسی ساز ہمیں قربانی کا جانور سمجھ رہے ہیں۔ ہم اپنے حق کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بھاری جرمانوں، گاڑیوں کی بندش اور ڈرائیورز کی تذلیل نے پورے شعبے کو مفلوج کر دیا ہے۔ ہمارا مال گوداموں میں پڑا ہے، کوئی ڈرائیور گاڑی لے کر نکلنے کو تیار نہیں۔ 80 فیصد کام رک چکا ہے۔ اگر حکومت نے چار روز میں ہماری بات نہ مانی تو پنجاب میں ٹرانسپورٹ کا پہیہ مکمل جام ہو جائے گا۔چیئرمین چوہدری طارق گجر نے کہاٹرانسپورٹ میں آمدن کم اور اخراجات کئی گنا بڑھ چکے ہیں، قانون عوام کی سہولت کے لیے بنتا ہے، سرکاری خزانہ بھرنے کے لیے نہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کو چاہیے کہ زمینی حقائق دیکھتے ہوئے فوری طور پر ٹرانسپورٹرز سے مذاکرات کریں،پریس کانفرنس میں پنجاب گڈز ٹرانسپورٹ کے جنرل سیکرٹری جاوید اختر ملک، ملک ارجن، حاجی عثمان، چوہدری ظہور، عابد جہانگیر، ملک عبدالرزاق، رانا محمد ذیشان، عباس ڈوگر، ملک ارشد ڈوگر، ملک ظفر ڈوگر اور رانا محمد عرفان بھی موجود تھے۔





































Visit Today : 54
Visit Yesterday : 485
This Month : 12771
This Year : 60607
Total Visit : 165595
Hits Today : 298
Total Hits : 840439
Who's Online : 4




















