ملتان: مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ضلعی صدر سید جعفر شاہ نے کی جبکہ مہمان خصوصی مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے سٹیج صدر خالد محمود قریشی تھے۔اجلاس میں کفایت حسین، ملک مظہر کھاکھی، رانا ہاشم علی اور اعجاز حسین نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے کم عمر بچوں کے خلاف ٹریفک مقدمات کے اندراج کا فوری نوٹس لینے اور پولیس کو کارروائی سے روکنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید جعفر شاہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے فیصلے کو والدین کے دلوں کو سکون دینے کے ساتھ ساتھ ہزاروں بچوں کے مستقبل کو کریمنل ریکارڈ سے محفوظ بنانے کے مترادف قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف نے بچوں کو ٹریفک خلاف ورزیوں پر مقدمات سے استثنیٰ دے کر ایک تاریخی اور عوام دوست قدم اٹھایا ہے۔ جعفر شاہ نے اسمارٹ کارڈ کے اجراء کی تجویز کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے بچوں کو اسکول آنے جانے سمیت دیگر شہری امور میں حقیقی سہولت حاصل ہوگی۔خالد قریشی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ فیصلہ واضح کرتا ہے کہ حکومت عوامی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور بروقت اقدامات کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی بہتری سخت جرمانوں کے بجائے آگاہی، رہنمائی اور مؤثر نظام کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں، لائسنس حاصل کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ اپنی اور دوسروں کی جانوں کا تحفظ ممکن ہو سکے۔اس موقع پر اجلاس میں شریک کفایت حسین، ملک مظہر کھاکھی، رانا ہاشم علی اور اعجاز حسین نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام عوامی ریلیف کی بہترین مثال ہے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ملتان میں بڑھتے ٹریفک دباؤ کو کم کرنے کے لیے لوکل ٹرانسپورٹ کے نظام کو فوری طور پر مضبوط بنایا جائے، بالخصوص الیکٹرک بسوں کے روٹس اور تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ شہری موٹر سائیکلوں کے بجائے محفوظ اور معیاری پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں۔تاجر رہنماؤں نے یہ امید ظاہر کی کہ حکومت مستقبل میں بھی عوام دوست اقدامات جاری رکھے گی اور ٹریفک نظم و ضبط کو بہتر بنانے کے لیے عملی اصلاحات لائی جائیں گی