پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں 24 اکتوبر تک توسیع ، محکمۂ داخلہ پنجاب کا نوٹیفکیشن جاری
لاہور: محکمۂ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ میں جمعہ 24 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جبکہ عوامی آگاہی کے لیے اس فیصلے کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔ ترجمان محکمۂ داخلہ پنجاب کے مطابق دفعہ 144 کے تحت چار یا زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ پنجاب بھر میں ہر قسم کے اسلحے کی نمائش پر بھی مکمل پابندی نافذ کر دی گئی ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبے میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔ صرف اذان اور جمعے کے خطبے کے دوران لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت ہو گی۔ اسی طرح اشتعال انگیز، نفرت آمیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت و تقسیم پر بھی مکمل طور پر پابندی لگا دی گئی ہے۔محکمۂ داخلہ کے مطابق یہ فیصلہ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کی سفارش پر کیا گیا۔ کمیٹی نے حالیہ سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر امن و امان کے قیام، انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کی سفارش کی تھی۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پابندی کا اطلاق شادی کی تقریبات، جنازے اور تدفین پر نہیں ہوگا۔ اسی طرح سرکاری فرائض کی انجام دہی میں مصروف افسران و اہلکار اور عدالتیں بھی اس حکم سے مستثنیٰ ہوں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیکیورٹی خطرات کے پیشِ نظر عوامی جلوس، ریلیاں اور دھرنے دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ بن سکتے ہیں۔ شرپسند عناصر ایسے اجتماعات کو ریاست مخالف سرگرمیوں کے لیے استعمال کر سکتے ہیں، لہٰذا شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قانون پر عمل درآمد میں حکومت سے بھرپور تعاون کریں۔ ترجمان محکمۂ داخلہ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت صوبے میں امن و امان کے قیام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی۔






































Visit Today : 203
Visit Yesterday : 440
This Month : 13360
This Year : 61196
Total Visit : 166184
Hits Today : 1696
Total Hits : 845205
Who's Online : 3




















