دہشت گردی کے خلاف فوجی عزم قوم کے لیے امید کی کرن ہے: ساجدہ احمد
ملتان (صفدربخاری سے)سماجی رہنما ساجدہ احمد نے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کی جانب سے پشاور میں کی گئی پریس کانفرنس کو دہشت گردی کے خلاف قومی اتفاقِ رائے کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فوج کا یہ واضح اور دوٹوک مؤقف عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی گفتگو نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ ریاست اپنی رٹ، عوام کے تحفظ اور آئینی نظام کے تسلسل کے لیے پرعزم ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جنرل احمد شریف نے درست طور پر اس حقیقت کی نشاندہی کی کہ خیبر پختونخوا اور ملک کے دیگر حصوں میں بدامنی کی بڑی وجہ گورننس گیپ اور سیاسی مفادات کے نام پر دہشت گردی کو استعمال کرنا رہا ہے، جس کا خمیازہ ہمیشہ عوام نے خون اور قربانیوں کی صورت میں بھگتا ہے۔ساجدہ احمد نے کہا کہ فوج کی جانب سے یہ پیغام خوش آئند ہے کہ سکیورٹی ادارے کسی فرد واحد یا سیاسی قوت کو عوام کے جان و مال کے سودے کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو ان عناصر سے نجات دلانے کے لیے اداروں کا متحد ہونا ناگزیر ہے جو ذاتی مقاصد کے لیے قومی سلامتی کو داؤ پر لگاتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے عدالتی نظام کی سست روی کی جو بات کی، وہ انتہائی اہم ہے۔عسکریت پسندوں کے مقدمات میں تاخیر سے سزائیں ملنے کا مطلب ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کمزور کڑی موجود ہے، جسے بہتر عدالتی اصلاحات کے ذریعے دور کرنا ہوگا۔ساجدہ احمد نے پاکستان اور افغانستان کے بارڈر سے متعلق بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فوجی قیادت کا مؤقف حقیقت پر مبنی ہے کہ دنیا کا کوئی بھی ملک اپنی سرحد کو مکمل طور پر بند نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کو اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینی چاہیے، کیونکہ یہ دونوں ممالک کے امن اور ترقی کے لیے خطرہ ہے۔ساجدہ احمد نے یہ بھی کہا کہ فوج کا یہ اعلان کہ “مزید ریاستی اداروں کے خلاف بیانیہ نہیں چلے گا” دراصل ریاستی استحکام اور قانون کی بالادستی کا اعلان ہے۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سیاسی قوتیں انتشار کی بجائے قومی اتحاد اور امن کی پالیسی اپنائیں، کیونکہ ملک دہشت گردی کے خلاف نازک مرحلے میں ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ فوج اور عوام ایک ہیں، اور دہشت گردی کے خلاف آخری فتح قوم کی ہو گی۔






































Visit Today : 180
Visit Yesterday : 443
This Month : 11017
This Year : 58853
Total Visit : 163841
Hits Today : 1835
Total Hits : 806342
Who's Online : 11






















