اسلام آباد ( عبا س ملک ) ملک میں بارشوں کے سسٹم  نے بلوچستان کے راستے انٹری دے دی جس سے خشک سردی کا خاتمہ جب کہ سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور برف باری کے بعد موسم شدید سرد ہو گیا۔گزشتہ رات مغربی ہواؤں کا سسٹم ایران کی سمت سے بلوچستان میں داخل ہوا جس کے بعد کوئٹہ، مستونگ، ژوب، کوہلو، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، چمن اور بارکھان میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، خانوزئی اور قلات میں ہلکی برفباری  کے بعد یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں۔سوات اور مالم جبہ میں بھی برفباری کے بعد  موسم  شدید سرد ہو گیا ہے جب کہ لاہور سمیت پنجاب کے  بیشتر  اضلاع میں آج مطلع  ابر آلود اورموسم سرد ہے،چشتیاں، سرائے مغل،  گگومنڈی، فقیر والی، بورے والا ، بہاولنگر، سانگلہ ہل،  پاکپتن میں صبح کے وقت  بوندا باندی ہوئی۔کراچی میں آج اور کل ہلکی بارش کا امکان ہے، دن بھر مطلع ابر آلود رہے گا اور کراچی میں 28 دسمبر سے سردی کی نئی لہر آنے کی توقع ہے، پانچ جنوری تک  درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ سے  بھی  نیچے جاسکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے آج اور کل ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختون خوا کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے