پاکستان کی معاشی بحالی کیلئے حکومت اور عسکری قیادت کے مثبت اقدامات

تحریر۔۔۔۔۔ غضنفرملک
وطن عزیز پاکستان میں عوام بالخصوص کاروباری طبقہ نے حالیہ دوسالوں کے دوران معاشی وکاروباری بدحالی کا انتہائی درد ناک دور دیکھا ہے جس سے نکلنا ناممکن لگ رہا تھا جب سے موجودہ نگران حکومت نے اقتدار سنبھالا اور عسکری قیادت نے قوم کی معاشی بدحالی اور حالات کو چیلنج سمجھ کر مثبت پیش رفت کا آغاز کیا قوم کو پاکستان کی معاشی ترقی، خوشحالی کی امید نظر آنے لگی ہے ملک میں غیرقانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی پاکستان سے روانگی، غیرقانونی اسمگلنگ کی روک تھام اور ڈالرز و لینڈ مافیا کے خلاف سخت حکمت عملی پر عملدرآمد کے انتہائی مثبت اور حوصلہ افزا نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں بلاشبہ پاکستان کی عسکری وسیاسی قیادت نے درست سمت کا تعین کیا اور اس عمل کا قوم نے بھی خیرمقدم کیا ہے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کے قیام سے بیرونی سرمایہ کاری کے مثبت اثرات کم وقت میں سامنے آرہے ہیں اور مسقبل قریب میں یقیناً معاشی ثمرات براہ راست عوام کو ملیں گے
مالی سال 2024 کیلئے صنعتی و کاروباری سرگرمیوں میں خوش آئند اضافہ کی توقع ہے کیونکہ مالی سال 2023 میں شرح نمو 0.3 فیصد تک تھی جو حالیہ اقدامات کی بدولت 3.5 فیصد تک پہنچ چکی ہے ملک میں زرعی اور صنعتی پیداوار میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ڈالرز اور اشیاء کی غیرقانونی اسمگلنگ کی روک تھام کی بدولت پاکستانی روپے کی قدر میں کافی حدتک اضافہ حوصلہ افزاء اور خوش آئند ہے کیونکہ ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی روپے کی عالمی سطح پر کارکردگی نمایاں اور سرفہرست رہی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکے بعد دیگرے کمی سے بھی جہاں بہتر نتائج حاصل ہوئے وہاں عوام نے بھی عرصہ بعد سکون محسوس کیا ہے یقیناً پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مذید ریلیف کا امکان موجود ہے جس کی وجہ سے اس وقت قوم سب سے زیادہ بجلی، گیس کے ناقابل برداشت بلوں کی وجہ سے جس اذیت سے دوچار ہے اس سے بھی نجات کے امکانات نظر آنے لگے ہیں کیونکہ حکومت اور عسکری قیادت کی ترجیحات قوم کی معاشی بحالی اور درپیش چیلنجوں سے نمٹنا ہے اگر وطن عزیز پاکستان ترقی اور خوشحالی کی اسی راہ پر گامزن رہا تو اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی متوقع ہے اکتوبر/نومبر 2023 میں آئی ایم ایف کے پہلے جائزہ کی حمایت کیلئے بہتر ٹیکس جمع ہونے کی قوی امید ہے مختصراً یہ کہ وطن عزیز پاکستان معاشی وکاروباری میدان میں حالیہ کامیابیوں کی بدولت روشن مستقبل کی امید جاگی ہے اگر ملک اسی راستے پر چلتا رہا تو وہ وقت دور نہیں جب قوم مستقل راحت سکون محسوس کرےگی اور کامیابیوں کے نئے دور کا آغاز کرےگی تاہم مایوسی گناہ ہے اور مایوسی پھیلانے والوں کو بہت جلد خوشحال اور مستحکم پاکستان دیکھ کر مایوسی سے دوچار ہونا پڑے گا تاہم ضرورت اس امر کی ہے ہم بحثیت قوم متحد ہوکر حکومت اور عسکری قیادت کے مثبت اقدامات کو کھل کر سپورٹ کریں اور اپنے پاکستان کی ازسرنو معاشی خوشحالی اور ترقی کےلیے اپنا اپنا مثبت کردار ادا کریں