ٹیلی ویژن کےڈراموں کے لیجنڈری اداکار شکیل احمد انتقال کرگئے ، وہ چند روز سے نجی اسپتال میں داخل تھے
کراچی: ٹیلی ویژن کےڈراموں کے لیجنڈری اداکار شکیل احمد 85 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ شکیل احمد چار روز سے نجی اسپتال میں داخل تھے۔ چھوٹی اسکرین کے نامور اداکار نے متعدد ڈراموں میں باکمال اداکاری اور یادگار کرداروں سے شہرت پائی۔ ان کے مقبول ڈراموں میں شہ زوری، انکل عرفی، انتظارفرمائیے، ان کہی، زیر زبر پیش، افشاں، انا، عروسہ اور آنگن ٹیڑھا شامل ہیں۔ سینیئر اداکار نے کچھ فلموں میں بھی اداکار ی کے جوہر دکھائے جن میں ہونہار، جوش انتقام، ناخدا، بادل اور بجلی، جی دار، چاہت اور زہرعشق شامل ہیں، تاہم انہیں اصل پہچان ڈراموں ہی سے ملی۔ شکیل احمد کا اصل نام یوسف کمال تھا مگر شوبز کی دنیا میں آنے کے بعد انہیں شکیل کا نام دیا گیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق کئی سال پہلے شکیل کا بائی پاس بھی ہوا تھا اور انہیں جوڑوں کا مرض بھی لاحق تھا، جس کی وجہ سے چلنے پھرنے میں دشواری ہوتی تھی، اس لیے ایک ملازم انہیں چلنے میں مدد دیتا تھا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق مرحوم اداکار کی بیٹی کل صبح 6 بجے کی فلائٹ سے کراچی پہنچیں گی اور کل بروز جمعہ بعد نماز عصر ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔ مرحوم اداکار کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ فری، بیٹی حرا اور بیٹا حیدر شامل ہیں۔




































Visit Today : 562
Visit Yesterday : 509
This Month : 2104
This Year : 65823
Total Visit : 170811
Hits Today : 10971
Total Hits : 897564
Who's Online : 9






















