لاہور:  پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے  مذاکرات کیلئے ایک کمیٹی بنانے کا اعلان کردیا۔ قوم سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ وہ ایک کمیٹی بناتے ہیں، ان کو یہ لوگ دو باتوں پر قائل کرلیں۔ پہلی بات اگر اس کمیٹی کو یہ کہہ دیں کہ عمران خان کے بغیر پاکستان بہتر ہوجائے گا اور ان کے پاس کوئی حل موجود ہے، اس ملک کی خاطر میں پیچھے ہٹ جاتا ہوں، اگر کمیٹی کو سمجھا دیں کہ میرے بغیر ملک بہتر چلے گا تو ملک کی خاطر یہ بھی چھوڑنے کیلئے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یا اس کمیٹی کو یہ کہہ دیں کہ اکتوبر میں الیکشن کرانے سے پاکستان کا کیا فائدہ ہے؟ یہ تو سمجھ آرہی ہے کہ اکتوبر تک تحریک انصاف کو ان کا خیال ہے  “کرش” کردیں گے لیکن پاکستان کو کیا فائدہ ہے؟ جب ملک نیچے جا رہا ہے تو ہم کیوں اکتوبر تک انتظار کر رہے ہیں۔ عمران خان نے اعلان کیا کہ وہ کل اس کمیٹی کا اعلان کریں گے۔