تالی دو نوں ہاتھوں سے بجتی ہے، آرمی چیف سمیت کسی سے بھی مذاکرات کیلئے تیار ہیں:عمران خان کی غیر ملکی میڈیا سے گفتگو
لاہور : چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ آرمی چیف سمیت کسی سے بھی مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن تالی دو نوں ہاتھوں سے بجتی ہے، موجودہ صورتحال میں وزیر اعظم غیر متعلقہ شخص ہیں۔ غیر ملکی میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کے بیان پہلے ہی سوشل میڈیا پر موجود ہیں، بیانات خوفزدہ کرنے والے ہیں، اگر آپ پڑھیں تو وہ کہہ رہے ہیں کہ جو بھی ہو وہ ہر صورت میری پارٹی پی ٹی آئی ختم کر دیں گے، تو پھر آپ کس سے بات کریں گے؟ وزیراعظم کا کوئی تعلق ہی نہیں، یہ بس کٹھ پتلیاں ہیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ سیاستدان کو ہر وقت کسی کے بھی ساتھ مذاکرات کیلئے تیار رہنا چاہیے، سیاستدان اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرتے ہیں نہ کہ بندوقوں کے ذریعے، میں نے صرف یہ کہا تھا کہ جب اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے اٹھایا گیا، اغوا کیا گیا، تو یہ پولیس نے نہیں آرمی نے کیا تھا، میں نے صرف یہی کہا تھا کہ ان کی مرضی کے بغیر یہ نہیں ہوسکتا تھا، یہ حقیقت ہے، لیکن میں نے کوئی تضحیک آمیز بیان نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ 10 ہزار سے زائد پی ٹی آئی ورکرز اور سپورٹرز اس وقت بغیر کسی الزام کے جیل میں ہیں، وہ عدالت سے ضمانت لیتے ہیں اور جیسے ہی جیل سے باہر آتے ہیں انہیں دوبارہ اٹھا لیا جاتا ہے، یہ جو بھی ہو رہا ہے، غیر قانونی ہے۔