لاہور: سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے عمران خان کے خلاف علماء و مشائخ سے مدد مانگ لی۔  مریم نواز کا علماء و مشائخ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کیخلاف سازش اور فتنے کا نام عمران خان ہے، مذہب کو سیاست میں استعمال کرنا جرم ہے، عمران خان نے نئی قسم کا مذہب متعارف کروایا۔ اسے پاکستان کو نقصان پہنچانے کیلئے لانچ کیا گیا۔ عمران خان کو دشمن ممالک سے فنڈنگ اور سہولت کاری ملی۔ علماء کی مدد کے بغیر اس کا خاتمہ ممکن نہیں۔سارا ملک آج اس فتنے کی لپیٹ میں ہے۔ عمران خان نے ملک کو چند سال میں جو نقصان پہنچایا وہ 75 سال میں دشمن نہیں پہنچا سکا۔  انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے دشمنی میں اتنے آگے نکل گئے کہ حرم کے تقدس کا بھی خیال نہ کیا۔ شرمناک بات ہے کہ چھوٹے بچوں کی کیا ٹریننگ کی جا رہی ہے۔ احسن اقبال کو گولی ماری گئی مگر شکر ہے وہ بچ گئے۔ جب عمران خان سے چوری کا حساب مانگا گیا تو اس نے ملک کو جلاو گھیراو میں جھونک دیا۔  مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ دنیا جانتی ہے ہمارے گھر میں  ہر سال محفل میلاد ہوتی ہے۔ تمام مشائخ اور علما سے گذارش کرتی ہوں ملک کو اس وقت آپ کی ضرورت ہے۔ ہمارے معاشرے میں علما کی خاص اہمیت ہے، یہ مذہب سے محبت کرنے والوں کا ملک ہے۔  ملکی بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔