اسلام آباد :  امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک بھر میں الیکشن ایک دن کرانے پر اتفاق ہوا ہے، بحران سے نمٹنے کا واحد حل سیاسی جماعتوں کے مذاکرات ہیں۔  اس وقت ملک میں سیاسی، معاشی اور آئینی انتشار ہے، سیاسی افراتفری کی وجہ سے معیشت تباہ ہوئی۔ سیاستدانوں کے پاس آج وقت ہے، لیکن کل ان کے پاس فیصلے کا اختیار نہیں رہے گا۔وہ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ملک کا تماشہ بنا ہوا ہے، عوام کو حق دیا جائے کہ وہ اپنے لیے نئی حکومت منتخب کریں۔ میں نے کوشش کی کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ ہوں، اس کوشش میں کسی حد تک کامیابی ہوئی، الیکشن کی تاریخ پر بات چیت اور رابطے کرنے کی ضرورت ہے۔سیاسی مسائل کا حل عدالت نے نہیں نکالنا، ملک میں شفاف اور غیرجانبدار الیکشن چاہتے ہیں۔  سراج الحق نے کہا تھا کہ میں کوشش کر رہا ہوں کہ پُرامن الیکشن کے لیے ماحول پیدا ہوسکے۔  تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ایک روز الیکشن کے لیے اتفاق رائے پیدا ہو جائے، سیاسی جماعتوں نے مذاکرات کیے اور ایک روز پر الیکشن کے لیے متفق نہیں ہو سکے۔ سیاسی جماعتوں نے دانش مندی اور صبر کا مظاہرہ نہ کیا تو رہی سہی جمہوریت ختم ہو جائے گی، ہم چاہتے ہیں کہ افراتفری کے بجائے قوم ترقی کی طرف بڑھے۔