ملتان (صفدربخاری سے) کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن ملتان کے رہنماؤں نے سپریم کورٹ اور وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے اے ڈی پی فنڈز میں ملتان میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے افسران نے کروڑوں روپے کی مبینہ طور پر کرپشن و لوٹ مار کرکے خطہ کے عوام پر خوشحالی کے راستہ کو بند کردیا ہے جنہوں نے کنٹریکٹرز سے کروڑوں روپے کے کام کروا کر واجبات کی ادائیگیوں کی مد میں بھی ملتان انتظامیہ کے نام پر لاکھوں روپے وصول کر لئے لیکن ڈیڑھ،دوسال گزرنے کے باوجود ادائیگیاں نہ کی گئی ہیں بلکہ واجبات کی وصولی کے مطالبہ پر ترقیاتی کاموں کی ریکارڈ فائلیں گم کرنے کی کنٹریکٹرز کو دھمکیاں دی جارہی ہیں لیکن متعلقہ حکام بالا خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں حالانکہ گورنمنٹ کنٹریکٹرز پاکستان کی بزنس کمیونٹی کا وہ طبقہ ہے جو حکومت کو سب سے زیادہ ٹیکس دیتا ہے لیکن انہی کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک رکھا جارہا ہے ان خیالات کا اظہار کنٹریکٹر زایسوسی ایشن ملتان کے سرپرست اعلی کرامت علی شیخ، چیئرمین راشد خان، صدر سجاد بھٹہ، نائب صدر الیاس رحمانی، جنرل سیکریٹری راؤ تیمور، انفارمیشن سیکریٹری شیخ بلال کے ہمراہ مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کے دوران کیا کرامت علی شیخ نے مزید کہا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن ملتان کے ایکسیئن سرور نقوی المعروف نقدی شاہ نے ترقیاتی فنڈز میں گھپلوں اور کنٹریکٹرز سے لوٹ مار کے نتیجے میں اپنے بچوں، رشتہ داروں، احباب کے نام پر کروڑوں کی جائیدادیں بنالیں لیکن اسے اور اس کے ارد گرد مافیا کو پوچھنے والا کوئی نہیں ہے کنٹریکٹرز سے کروڑوں روپے کے ترقیاتی کام کراکر واجبات کی ادائیگیوں کی مد میں کمشنر ملتان، سی ای او کے نام پر لاکھوں روپے کی وصولی کے باوجود مزید ڈیمانڈ پوری نہ کی جانے پر کنٹریکٹرز کے کئے گئے کاموں کی ریکارڈ فائلیں گم کرنے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں انہوں نے کہا کہ کرپٹ مافیا کی کرپشن کے کیسز اینٹی کرپشن میں موجود ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی کاروائی نہ کی جارہی ہے کیونکہ نقدی شاہ اور اس کے ارد گرد مافیا کا کہنا ہے کہ وہ آئے روز سی ایم، چیف سیکریٹری، لوکل گورنمنٹ سیکریٹری، وزراء، مشیروں کے وزٹ پر کروڑوں کا خرچہ کرتے ہیں اسی لئے ان کے خلاف کاروائی کرنے کے لئے کسی میں بھی جرات نہیں ہے ایسے کرپٹ عناصر کو فی الفور جیل کی سلاخوں میں ڈالا جائے بلکہ انہیں صوبہ بدر کردیا جائے جو ملتان سمیت جنو بی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ہیں انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹرز کو واجبات کی ادائیگیوں کے سلسلے میں حکام بالا کو بارہا درخواستیں دی گئیں لیکن نہ جانے ان کے کانوں پر جوں تک نہیں ر ینگی جس کی وجہ سے کنٹریکٹرز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے انہوں نے سپریم کورٹ، وزیراعظم، وزیراعلی پنجاب، چیف سیکریٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری سے مطالبہ کیا ہے کہ ملتان میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے کرپٹ افسران کے اثاثہ جات کی تحقیقات کی جائیں اور کنٹریکٹرز کو فی الفور واجبات کی ادائیگیوں کو ممکن بنایا جائے بصورت دیگر کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن بھرپور احتجاج پر مجبور ہو جائے گی۔