*پاکستانی ٹیکسٹائل ورکرز کی فتح*
(تحریر: طارق قریشی)
پاکستان میں ٹیکسٹائل ورکرز کو اپنے حقوق کے حوالے سے ایک بڑی فتح حاصل ہوئی ہے۔ عالمی تنظیموں کے دبائو پر 189 پاکستانی برانڈز نے ٹیکسٹائل ودکرز کو محفوظ رکھنے کے لیے ایک معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ اس قانونی معاہدے کی بنیاد پر ٹیکسٹائل کمپنیاں اپنے کارکنوں کی حفاظت اور صحت کے لیے اقدامات متعارف کرانے کی پابند ہیں۔ قبل ازیں بنگلہ دیش میں اسی قسم کا معاہدہ متعارف ہونے کے بعد سولہ سو بنگلہ فیکٹریوں کے 25 لاکھ کارکنوں کے حقوق کو محفوظ بنایا گیا۔ جس سے متاثر ہو کر اب سینکڑوں کمپنیوں نے پاکستان میں بھی اس معاہدے کی توسیع پر دستخط کیے ہیں۔ تاہم 97 کمپنیاں ابھی تک دستخط کرنے سے گریزاں ہیں۔ انہیں اس معاہدے کی پیروی کرنے پر مجبور کرنے کیلئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی جانب سے عوامی دباؤ بڑھایا جا رہا ہے اس ضمن میں ایک یادداشت پر دس لاکھ افراد کے دستخط کرانے کی مہم بین الاقوامی سطح پر شروع کردی گئی ہے۔ جس کے تحت صنعتکاروں سے پاکستان اور پاکستان سے باہر اپنے کارکنوں کی فلاح و بہبود، صحت اور انکی حفاظت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔