اعظم سواتی نے رہائی کے بعد پہلا پیغام جاری کردیا، کاش اس وقت ہمارے ملک میں ایک عدلیہ ہی آزاد ہوتی تو ہمارے دکھوں کا مداوا ہو سکتا تھا
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سینیٹر اعظم سواتی نے رہائی کے بعد پہلا بیان جاری کردیا۔ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں اعظم سواتی نے کہا ” میں سب سے پہلے اللہ تعالیٰ کا پھر اپنے ملک کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والوں، قانون کی حکمرانی چاہنے والوں اور خاص کر عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی دعاؤں، نیک خواہشات نے مجھے حوصلہ دیا اور ظلم کے آگے نہیں جھکنے دیا۔ انہوں نے پاکستانی عوام کو مخاطب کرکے کہا ” میرے ملک کے لوگو: آج ملک کا ہر ادارہ تباہ کر دیا گیا ہے، یقین نہیں آتا تو سوچو آپ کی آنکھوں کے سامنے رجیم چینج، 11 ہزار ارب کا NRo2، ارشد شریف کا قتل، عمران خان پر قاتلانہ حملہ اور مجھ پر مظالم صرف آٹھ ماہ کی تفصیل ہے۔ کاش اس وقت ہمارے ملک میں ایک عدلیہ ہی آزاد ہوتی تو ہمارے دکھوں کا مداوا ہو سکتا تھا، مگر بدقسمتی سے سوائے چند باضمیر غیرت مند ججوں کے باقی پورا عدالتی نظام وینٹی لیٹر پر ہے۔ اس لئے میں تمام وکلاء برادری، بار کونسلز، بار ایسوسی ایشنز اور ہر پڑھے لکھے طبقے و سول سوسائٹی سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ عدلیہ کی آزادی اور قانون کی حکمرانی کے لئے اٹھ کھڑے ہوں۔ انہوں نے مزید کہا “ان گھمبیر حالات میں ہمارے لئے ایک ہی راستہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی نصرت سے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہو کر حقیقی آزادی کے لئے جدوجہد کریں تاکہ ہمارا ملک معاشی، معاشرتی، اخلاقی اور دینی طور پر قانون کی حکمرانی کے تابع آزاد اور خوشحال ہو سکے۔ اس لئے آؤ ہم عہد کریں کہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو بچانے کے لئے محض زبانی تقریروں، جلسوں اور ریلیوں سے آگے بڑھ کر اپنے لیڈر عمران خان کی طرح حقیقی آزادی کے لئے عملی قربانی دیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہمارا حامی و ناصر ہو۔”





































Visit Today : 159
Visit Yesterday : 563
This Month : 2886
This Year : 66605
Total Visit : 171593
Hits Today : 614
Total Hits : 902189
Who's Online : 3






















