گجرات ایکسپریس’’آخری سٹاپ‘‘ تک سفر جاری رکھے گی

بابر چودھری

فواد چودھری اور شیخ رشید گروپ فوری صوبائی اسمبلیاں توڑنے کے حامی ، “2 پرویز “مخالف،عمران خان نے سوچ تبدیل کرلی ، تحریک عدم اعتماد آئے گی نہ اسمبلیاں ٹوٹیں گی، گجرات ایکسپریس پٹری سے کسی صورت نہیں اترے گی’’آخری سٹاپ‘‘ تک سفر جاری رکھے گی۔ راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے صوبائی اسمبلیاں توڑنے کے اعلان کے بعد ایک طرف اپوزیشن میں ہلچل مچی ہوئی ہے تو دوسری جانب پی ٹی آئی کے’’بڑوں‘‘ اور پنجاب میں اس کی اتحادی جماعت کے درمیان بھی اتفاق نظر نہیں آتا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کا فواد چوہدری گروپ اور شیخ رشید فوری طور پر صوبائی اسمبلیاں توڑ کر الیکشن کی طرف جانا چاہتے ہیں ، ان کا خیال ہے کہ اس طرح پی ڈی ایم پریشر میں آ کر قومی الیکشن کرانے کا بھی اعلان کردے گی۔ اس رائے کے پرویز الٰہی اور پرویز خٹک سخت مخالف ہیں ، ان کا خیال ہے کہ ملک شدید ترین معاشی بدحالی کا شکار ہے ، الیکشن کو طول دیا جانا چاہیے تاکہ عوامی مشکلات کی تمام تر ذمہ داری پی ڈی ایم پر ہی پڑے ، اگر فوری طور پر نئے انتخابات ہو اتے ہیں اور کسی طرح سے دوبارہ پی ٹی آئی اقتدار میں آجاتی ہے تو انہیں ویسے ہی حالات کا سامنا کرنا پڑے گا جس طرح سابق حکومت میں ہوا تھا ، اس لیے بہتر ہے کہ ’’ڈرائو اور وقت گزارو‘‘ کی پالیسی اپنائی جائے ، مارچ اور اپریل کے مہینے میں رمضان المبارک آرہا ہے ، باقی چار ماہ بچیں گے ، چار ماہ پہلے الیکشن کرواکر کوئی خاطر خواہ فائدہ نہیں ہوگا بلکہ معاشی بدحالی کا جن انہیں تحفے میں ضرور ملے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویز الٰہی نے گزشتہ دنوں زمان پارک میں ملاقات کے دوران واضح کردیا تھا کہ صوبائی اسمبلیوں سے مستعفی ہونا کسی صورت دانشمندانہ فیصلہ نہیں ، اس پر نظرثانی کی جائے۔ یہی رائے پرویز خٹک کی ہے ، فواد چوہدری اور شیخ رشید گروپ کی خواہش تھی د سمبر کے پہلے ہفتے میں کے پی کے اور پنجاب کی اسمبلیاں ہر صورت توڑ دی جائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے چوہدری پرویز الٰہی اور پرویز خٹک کی تجویز سے اتفاق کیا ہے لیکشن اس کا اظہار نہیں کرنا چاہتے انہوں نے فوری طور پر اسمبلیاں نہ توڑنے کا فیصلہ کیا ہے ، یہ طے پایا ہے کہ حکومت کو ’’ ڈرائو اور وقت گزارو‘‘ کی پالیسی پر ہی عمل کیا جائے۔ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لائے گی نہ ہی دونوں صوبائی اسمبلیاں ٹوٹیں گی۔ تاہم صدر عارف علوی کے ذریعے مذاکرات ، مذاکرات کا کھیل جاری رہے گا۔ ذرائع کا یہ دعویٰ ہے کہ اگر کسی موقع پر ایسی صورت حال پیدا ہوگئی کہ اسمبلیاں توڑنے کی نوبت آگئی تو بھی گجرات ایکسپریس پٹری سے نہیں اترے گی اور اپنا سفر جاری رکھے گی۔