اسلام آباد :  وفاقی حکومت کی پولیس نے فیض آباد کے راستے اسلام آباد میں داخلے کا راستہ مستقل طور پر بند کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔ نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کی انتظامیہ مظاہرین کو اسلام آباد میں روکنے سے ناکام رہی ہے، راولپنڈی سے بڑی تعداد میں آنے والے مظاہرین اسلام آباد کے رہائشیوں کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں اس لیے فیض آباد سے راستہ مستقل طور پر بند کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت یہ راستہ عارضی طور پر کنٹینر لگا کر بند کیا گیا ہے، اس راستے کو مستقل طور پر بند کرنے سے کاروبار کی بندش ہوگی اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان تمام باتوں کو سامنے رکھتے ہوئے فیض آباد کو مستقل طور پر کیسے بند کرنا ہے؟ اس حوالے سے وفاقی حکومت حکمت عملی پر غور کر رہی ہے۔