سکول ہاکی لیگ ، سیمی فائنل مرحلہ بہاول پور ڈویژن کے نام
ملتان: سکول ہاکی لیگ کا سیمی فائنل مرحلہ بہاول پور ڈویژن کے نام، گرلز و بوائز مقابلوں میں بہاول پور کے نواب، بہاول نگر کے برق رفتار اور رحیم یار خان کے یاران ملتان، لیہ اور خانیوال کو پچھاڑ کر فائنل میں پہنچ گئے۔ فائنل آج ملتان میں کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب کے زیراہتمام منعقدہ سکول ہاکی لیگ کے سیمی فائنل مرحلے میں بہاول پور نواب اور ملتان مشاق کی گرلز ٹیموں کے مابین ہونے والا میچ ایک کے مقابلے میں چار گول سے بہاول پور نواب کی ٹیم نے جیت لیا۔ ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں منعقدہ گرلز ہاکی لیگ کے پہلے سیمی فائنل میں فاتح ٹیم کی طرف سے نایاب شاہد نے دو، کنزہ پروین اور روبیشہ پروین نے ایک ایک گول کیے۔ گورنمنٹ گرلز ہائیر سکینڈری سکول مون لائیٹ ملتان میں ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میں بہاول نگر برق رفتار کی گرلز ٹیم نے لیہ لجپال کو صفر کے مقابلے تین گول سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کی طرف سے سبرا لیاقت نے دو جب کہ راحیلہ نے ایک گول کیا۔ سکول ہاکی لیگ کی بوائز ٹیموں کے سیمی فائنل مقابلوں میں ملتان مشاق اور بہاول پور نواب کے درمیان ہونے والا میچ صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے بہاول پور نواب کی ٹیم نے جیت لیا۔ ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں منعقدہ میچ میں فاتح ٹیم کی طرف سے صہیب، حنان، شاہ زیب، دانیال اور زبیر نے ایک ایک گول کیا۔ گورنمنٹ ہائی سکول جامعہ العلوم ملتان میں ہونے والے دوسرے سیمی فائنل میں رحیم یارخان یاران نے خانیوال خطرناک کو صفر کے مقابلے میں چار گول سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی۔ رحیم یارخان یاران کی طرف سے دائود، علی رضا، عمیر خالد اور احمد نور نے ایک ایک گول کیا۔ گرلز و بوائز ہاکی ٹیموں کا فائنل آج ملتان میں کھیلا جائے گا جب کہ تیسری پوزیشن کے لیے میچ آج ڈرنگ اسٹیڈیم بہاول پور میں کھیلا جائے گا۔






































Visit Today : 219
Visit Yesterday : 531
This Month : 5196
This Year : 68915
Total Visit : 173903
Hits Today : 2124
Total Hits : 955793
Who's Online : 5























