اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی آج شکل دیکھنا چاہتی ہوں۔ایون فیلڈ ریفرنس میں بری ہونے کے بعد مریم نواز نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں ، اللہ تعالی نے آج نواز شریف کو سرخرو کیا، اس کیس سے بری ہونے کے بعد جو تالا میں نے زبان پر لگایا ہوا تھا وہ اتر گیا ہے، بہت جلد میاں نواز شریف صاحب بھی واپس پاکستان آئیں گے، عمران خان آج بےبس شخص ہیں، جس نے ہمارے خلاف کیس بنایا ان کو کہنا چاہتی ہوں آ پ ناکام ہوگئے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی شکل دیکھنا چاہتی ہوں، آج کیا سوچتا ہوگا، کہنے کو کیا ہے، میں پوچھنا چاہتی ہوں کہ اب کیا کروگے؟ جھوٹے الزامات بہتان لگائے اب کیا منہ دکھاؤ گے، عمران خان کو اللہ نے ناکام اور سازشی ثابت کیا، اسحاق ڈار جس وزیراعظم کے جہاز میں گئے اسی وزیراعظم کے جہاز میں واپس آئے، وہ آج پھر زیر خزانہ ہیں اور اسی پارلیمنٹ میں حلف لیا، عمران خان 3 زندگیاں بھی لے آئیں تو بھی نواز شریف نہیں بن سکتے۔