پشاور: پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی ہے نہ نظام انصاف نہ محافظوں نے اسحاق ڈار کا رستہ روکا۔عمران خان نے وزیراعلی ہاؤس پشاور میں علماء و مشائخ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کا خزانہ مفرور ملزم اسحاق ڈار کے حوالے کردیا گیا، بلے کو دودھ کی رکھوالی پر بٹھادیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے نہ ہمارا نظام انصاف اس کو روک سکا، نہ جو ملک کے محافظ بنتے ہیں انہوں نے اس کا رستہ روکا، لیکن انشاءاللہ آپ کا بھائی عمران خان اس کا راستہ روکے گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ بیرونی طاقتوں نے مجھے ہٹایا، زرداری ، شریف خاندان کے اربوں روپے باہر رکھے ہیں، چوروں کی حکومت نے 5 ماہ میں مہنگائی کو کم کرنے کا دعویٰ کیا تھا، آج مہنگائی ملک میں 50 سال کی سب سے بلند سطح پر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فضل الرحمان اسلام کو بیچتے ہیں، کرسی کے بدلے مرضی کا فتویٰ لے لو، اسے دیکھ کر لوگ اسلام سے دور ہوجاتے ہیں، اس کے ضمیر کی قیمت ڈیزل کا ایک پرمٹ ہے۔