اسلام آباد / لندن: وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ کے لیے نامزد کردیا، جس کے بعد اُن کی شہباز شریف کے ساتھ پاکستان واپسی کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف کی زیرصدارت لندن میں اہم پارٹی اجلاس ہوا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی وقومی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔دوران اجلاس مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفی قائد محمد نوازشریف کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’وزارت آپ کی امانت تھی، آپ نے ہی وزیر بنایا تھا، چار ماہ میں اپنی بھرپور صلاحیت سے کام کیا، پارٹی اور ملک سے وفاداری نبھائی‘۔نوازشریف نے مستعفی ہونے پر مفتاح اسماعیل کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ نے مشکل ترین حالات میں ذمہ داریاں نبھائیں، جو قابل تعریف ہے‘۔نواز شریف اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیرِ خزانہ کے لئے نامزد کر دیا جبکہ انہیں وزیراعظم کے ساتھ پاکستان واپس بھیجنے کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ شہباز شریف کے ساتھ ہی پاکستان واپس پہنچیں گے۔اجلاس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سابق حکومت کی لگائی معاشی تباہی کی آگ موجودہ حکومت کوبجھانا پڑی ہے، ملک کی بہتری کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔