لاہور: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف تعیناتی پر عمران کا دباؤ تسلیم کیا گیا تو ادارے کی تباہی ہوگی۔پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی نہ مقبولیت ہے اور نہ کوئی بیانیہ ہے، جب یہ حکومت میں تھے تو مہنگائی تھی لیکن بیانیہ ہمارے خلاف تھا، اب ہم حکومت میں ہیں اور بے شک مہنگائی ہے لیکن وزیراعظم پرعزم ہیں کہ عوام کو ریلیف دے سکیں گے۔رانا ثناء نے کہا کہ عمران خان نے آئی ایم ایف سے غلط معاہدہ کیا اور پھر جاتے ہوئے قیمتیں کم کر کے معاہدے کی خلاف ورزی کر گئے، اگر آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہوتا اور ہم اپنی سیاست بچانے کی کوشش کرتے تو ملک کا ناقابل تلافی نقصان ہوتا۔رانا ثناء کا کہنا تھا کہ اب فرح گوگی، القادر ٹرسٹ اور دیگر چیزیں سامنے آ رہی ہیں، تم نے اپنے 4 سال میں کیا کیا ہے، پی ٹی آئی کے سربراہ پاگل خان سمیت سب کا کردار قابل مذمت ہے، شوکت ترین کا کردار سب کے سامنے ہے، اس کا بطور پاکستانی کردار شرمناک ہے، عمران خان نے اس پر ایک لفظ تک نہیں کہا، یہ کہتا ہے کہ 25 مئی کو میری تیاری نہیں تھی تو اس سے پہلے ڈیڑھ ماہ تک 20 لاکھ لوگ لانے کا دعوی کیسے کرتے رہے، یہ اپنی تیاری چیک کر لے اور ہم بھی اپنی تیاری چیک کر لیتے ہیں۔