کراچی: شہر قائد میں رواں عید الاضحی پر اجتماعی قربانی کے رجحان میں اضافہ ہوگیا شہریوں کی بڑی تعداد نے مہنگائی اور دیگر معاشی مسائل  سمیت جانور مہنگا ہونے کی وجہ سے اجتماعی قربانی میں زیادہ حصہ لیا ہے۔  شہر کے مختلف علاقوں میں اجتماعی قربانی کا فی حصہ 13000 سے 18000 روپے تک ہے جبکہ مساجد، مدارس اور فلاحی اداروں نے اجتماعی قربانی کے پیکجز شہریوں کی سہولیات کے مطابق متعارف کرائے تھے۔ عید کے موقع پر اجتماعی قربانی کے لئے  حصوں کی بکنگ تقریبا مکمل ہوچکی ہے، اجتماعی قربانی کرنے والے شہریوں کوسہولت فراہم کرنے کے لیے ٹوکن جاری کیے گئے ہیں، ٹوکن کے مطابق دیئے وقت پرشہری اپنا حصہ وصول کرسکیں گے۔ اس حوالے سے المصطفی ویلفیئر کے سربراہ حاجی حنیف طیب نے ایکسپریس کو بتایا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں، کھانے پینے کی اشیاء اور پیٹرول مہنگا ہونے کی وجہ سے لوگوں کا گھریلو بجٹ متاثر ہوا ہے۔ اس سال قربانی کا جانور مہنگا ہے، اس لیے لوگوں نے سنت ابرائیمی کی ادائیگی کے لیے رواں عید الاضحی پر بڑی تعداد میں اجتماعی قربانی میں حصہ لیا ہے جو عید کے تینوں ایام میں جاری رہے گی، قربانی کرنے والے عید الاضحی پر غرباء اور مساکین کا خیال کریں اور ان کو گوشت گھروں تک پہنچائیں۔