ملک بھر میں کہیں چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، پاکستان میں عید الاضحیٰ اتوار 10 جولائی کو ہوگی
کراچی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین نے ملک بھر میں کہیں بھی ذوالحج کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا۔ ذوالحجۃ 1443 ہجری کے چاند کی تلاش کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی جبکہ دیگر علاقوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔ کراچی میں اجلاس کی صدارت رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر نے کی جبکہ دیگر علاقوں میں زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔ ملک بھر کے کسی بھی حصے سے مرکزی اور زونل کمیٹیوں کو چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں موصول نہ ہوئیں، مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے پریس کانفرنس کر کے چاند نظر نہ آنے کا باضابطہ اعلان کیا۔ مولانا عبدالخبیر نے بتایا کہ ملک بھر میں کہیں چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، لہذا کل تیس ذالقعدہ ہوگی جبکہ عید الاضحیٰ اتوار 10 جولائی کو ہوگی۔ مرکزی اجلاس میں کمیٹی ممبران کے علاوہ وزارت مذہبی امور، سپارکو، محکمہ موسمیات، اور وزارت سائنس وٹیکنالوجی سے تعلق رکھنے والے نمائندگان بھی معاونت کے لیے موجود رہے۔قبل ازیں سیکرٹری رویت ہلال ریسرچ کونسل خالد اعجاز مفتی نے پیش گوئی کی تھی کہ ہلال کی رویت صرف اُس وقت ہوتی ہے جب اُس کی عمر غروبِ آفتاب کے وقت 19 گھنٹوں سے زائد ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہلال کی رویت کیلئے غروبِ شمس اور غروبِ قمر کا درمیانی فرق 40 منٹ سے زائد، چاند کا زمین سے زاویائی فاصلہ کم از کم 6 ڈگری اور چاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ کم از کم 10 ڈگری ہونا چاہئے۔




































Visit Today : 144
Visit Yesterday : 622
This Month : 2308
This Year : 66027
Total Visit : 171015
Hits Today : 1037
Total Hits : 899127
Who's Online : 13






















