ملتان: پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے بعد زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا کریک ڈاؤن،، خلاف ورزی کرنے والی بسیں اور ویگنیں تھانوں میں بند
ملتان(صفدربخاری سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد عوام کو مکمل ریلیف فراہم کرنے کے لیے ملتان میں ضلعی انتظامیہ نے زائد کرایہ وصول کرنے والے کمرشل ٹرانسپورٹرز کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کی ہدایت پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی محسن نثار نے مختلف مقامات پر اچانک کارروائیاں کیں۔ کارروائی کے دوران مقررہ نرخ ناموں پر عملدرآمد نہ کرنے والی متعدد ویگنوں اور بسوں کو تھانوں میں بند کر دیا گیا جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب ٹرانسپورٹرز پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ موقع پر موجود ٹیموں نے مسافروں سے زائد وصول کی گئی رقم بھی واپس کرائی اور ٹرانسپورٹرز کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک پہنچایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے واضح کیا کہ زائد کرایہ وصول کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور مقررہ کرایوں سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں مسلسل مانیٹرنگ کی جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ شہریوں نے کرایوں میں کمی اور ضلعی انتظامیہ کی بروقت کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو عوام دوست اقدامات پر خراج تحسین پیش کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت اور انتظامیہ کے مشترکہ اقدامات سے مہنگائی کے دباؤ میں واضح کمی محسوس ہو رہی ہے۔




































Visit Today : 106
Visit Yesterday : 622
This Month : 2270
This Year : 65989
Total Visit : 170977
Hits Today : 909
Total Hits : 898999
Who's Online : 3






















