ملتان(صفدربخاری سے) الخدمت فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام ملتان میں سیلاب سے متاثرہ 500 خاندانوں میں راشن تقسیم کے پروگرام میں صہیب عمار صدیقی امیر جماعت اسلامی ملتان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی کوشش ہے کہ آزمائش کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کم سے کم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں؛ ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونا ہمارا دینی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ سیلاب کی حالیہ تباہ کاریاں حکومتی غفلت اور ناقص منصوبہ بندی کا نتیجہ ہیں، جس سے ملک کے مختلف حصے، خصوصاً جنوبی پنجاب، بری طرح متاثر ہوئے۔ اس موقع پر خواجہ صغیر احمد نائب امیر ضلع، سید عبدالقادر شاہ صدر الخدمت فاؤنڈیشن ملتان اور چوہدری محمد امین امیر زون غربی بھی موجود تھے صہیب عمار صدیقی نے کہا کہ اس وقت ملک میں لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں، لیکن الخدمت فاؤنڈیشن نے عوام کے تعاون اور اعتماد کے ساتھ متاثرین کی خدمت میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ہزاروں رضاکاران نے دن رات محنت کر کے خدمتِ انسانیت کی شاندار مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن آزمائش کے ہر موقع پر عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہیں، چاہے وہ زلزلے ہوں، سیلاب ہوں یا کوئی اور قدرتی آفت۔ ان شاءاللہ یہ خدمت کا سفر متاثرین کی مکمل بحالی تک جاری رہے گا۔ امیر جماعتِ اسلامی ملتان نے کہا کہ اسلام ہمدردی، خیرخواہی اور ایثار کا دین ہے۔ نبی اکرم ﷺ نے ہمیں سکھایا کہ دوسروں کے لیے وہی پسند کرو جو اپنے لیے پسند کرتے ہو۔ انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی ملک میں حقیقی خدمت اور اصلاح کی تحریک ہے جو عوامی اعتماد کے سہارے معاشرے میں مثبت تبدیلی کے لیے کوشاں ہے۔ آخر میں صہیب عمار صدیقی صاحب نے عوام سے اپیل کی کہ وہ الخدمت فاؤنڈیشن کے ساتھ تعاون جاری رکھیں تاکہ زیادہ سے زیادہ متاثرہ خاندانوں کو ان کے پاؤں پر کھڑا کیا جا سکے۔