لاہور:  حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کی فیلڈ ملز میں گندم کو مرغیوں کے دانے میں استعمال کرنے پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔  محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ گندم، آٹے اور روٹی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے کیا گیا۔ حکم نامے کے مطابق گندم صرف فلور ملز میں آٹا بنانے کیلئے استعمال ہو گی اور گندم کے فیلڈ ملز میں استعمال پر گزشتہ ماہ لگائی گئی پابندی میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی ہے۔  ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے صوبے میں گندم کی ممکنہ قلت کے خدشات کے پیشِ نظر یہ اہم فیصلہ کیا۔  پنجاب میں فیڈ ملز کے پاس 1 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد گندم کا ذخیرہ موجود تھا۔ سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ کی رپورٹ کے مطابق فیڈ ملز اس بڑی مقدار میں گندم کو مرغیوں کے دانے کیلئے استعمال کرنے والی تھیں۔  گندم انسانوں کی بنیادی خوراک ہے جسے مرغیوں کے دانے کی بجائے آٹے کی تیاری میں استعمال ہونا چاہیے۔  محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر میں فیڈ ملز پر مزید 30 یوم کیلئے گندم کے استعمال پر پابندی عائد کی ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت پابندی عائد کی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق اتوار 2 نومبر تک ہوگا۔ عوام الناس کی آگاہی کیلئے حکمنامے کی سرکاری گزٹ، اخبارات و ذرائع ابلاغ کے زریعے بھرپور تشہیر کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔