ملتان(صفدر بخاری سے)ملتان یونین آف جرنلسٹس کے سالانہ انتخابات 23 جنوری کو ہوں گے۔ اس بات کا فیصلہ ایم یو جے کی الیکشن کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس میں جمشید رضوانی (چئیرمین)، جاوید اقبال عنبر (رکن) اور اعظم ملک (رکن) نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے سیکرٹری جنرل ناصر زیدی کی طرف سے الیکشن کمیٹی کو بھجوائی گئی فہرست کے مطابق 277 ارکان ایم یو جے کے انتخابات میں اپنا حق رائے استعمال کریں گے۔ الیکشن شیڈول کے مطابق صدر، نائب صدور (دو نشستیں)، جنرل سیکرٹری، جوائنٹ سیکرٹری (دو نشستیں) اور فنانس سیکرٹری سمیت رکن مجلس عاملہ کی 10 نشستوں کے ساتھ ساتھ مندوب کی 18 نشستوں پر بھی الیکشن ہو گا۔ کاغذات نامزدگی 16 جنوری کو جمع کرائے جا سکیں گے۔ جانچ پڑتال 17 جنوری کو ہو گی۔ اعتراضات پر اپیلوں کی سماعت 18 جنوری کو اور کاغذات نامزدگی کی واپسی اور حتمی فہرست 19 جنوری کو جاری کی جائے گی۔ پولنگ 23 جنوری اتوار کو ملتان پریس کلب میں ہو گی۔