ممبئی: وہ دن گئے جب مداحوں کو اپنے پسندیدہ اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے طویل انتظار کرنا پڑتا تھا۔ آج کل سوشل میڈیا کا زمانہ ہے جہاں مداح اپنے پسندیدہ اداکار کی نہ صرف تصاویر اور ویڈیوز دیکھتے ہیں بلکہ ان کی سرگرمیوں پر گہری نظر بھی رکھتے ہیں۔کسی اداکار کا سوشل میڈیا پر اکاؤنٹ نہ ہو، یہ ناممکن سی بات ہوگی۔ انسٹاگرام پر اگر 10 اداکاروں کی فین فولوئنگ کا موازنہ کیا جائے تو پریانکا چوپڑا کا پہلا نمبر آتا ہے۔بالی وڈ لائف کی رپورٹ کے مطابق پریانکا چوپڑا بالی وڈ کی پہلی اداکارہ ہیں جنہوں نے ٹوئٹر پر سب سے پہلے اکاؤنٹ بنایا۔ وہ یہ سمجھ چکی تھیں کہ آنے والے وقت میں سوشل میڈیا کی اہمیت بڑھ جائے گی۔پریانکا چوپڑا کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فالورز کی تعداد 7 کروڑ 23 لاکھ سے زیادہ ہے۔ اداکارہ نے انسٹاگرام فالورز کے معاملے میں سلمان خان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ سلو میاں کے فالورز کی تعداد صرف 4 کروڑ 85 لاکھ ہے۔اس فہرست میں پریانکا چوپڑا کے بعد شردھا کپور کا نمبر آتا ہے جن کے فالورز 6 کروڑ 85 لاکھ ہیں۔ شردھا کپور نے بہت کم وقت میں بالی وڈ میں اپنی الگ پہچان بنائی۔