وہاڑی سے رانا زاہد کی رپورٹ کےمطابق, ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل وہاڑی عبدالجبار نے چلڈرن وارڈ میں بچوں کو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا, اور کہا کہ والدین انسداد پولیو مہم میں اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں, انسداد پولیو مہم         27نومبر سے یکم دسمبر تک جاری رہے گی, ضلع بھر میں چھ لاکھ بائیس ہزارپانچ  سو سولہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، جس کیلئے دو ہزار تین سو چوہتر ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالجبار نے مزید کہا کہ انسداد پولیو ٹیمیں بس اسٹینڈز، ریلوے اسٹیشن، سکولز، دیہی مرکز صحت،بنیادی مرکز صحت اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی، محکمہ صحت انسداد پولیو مہم کے سو فیصد ٹارگٹ کے حصول کو یقینی بنائے، افسران اور ایریا انچارجز انسداد پولیو ٹیموں کی نگرانی کریں گی، تاکہ کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے، انہوں نے کہا کہ والدین سے اپیل ہے کہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ہر صورت پلائیں، تاکہ بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچایا جا سکے ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنر ل عبدالجبار نے کہا کہ میڈیا بھی عوام کو انسداد پولیو مہم بارے آگاہی دینے کیلئے اپنا کر دار ادا کرے، تاکہ ضلع وہاڑی کو پولیو سے پاک رکھا جا سکے،اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر صدیق احمد، ایم ایس ڈاکٹر احمد فراز اور دیگر افسران موجود تھے۔