عمان: اسرائیل کی محبت میں امریکا نے عرب ممالک کے غزہ میں فوری جنگ بندی کے مطالبے کو مسترد کردیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اردن میں عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کی گول میزکانفرنس میں عرب ممالک نے متفقہ طور پر غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا۔ جس پر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اسرائیل کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے عرب ممالک کے جنگ بندی کے مطالبے کو نہ صرف مسترد کر دیا بلکہ اسرائیل کی حوصلہ افزائی بھی کردی۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا کہ اسرائیل کو املاک اور اپنے شہریوں کی حفاظت کا پورا حق حاصل ہے اور ہم اس کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ اسرائیل کو اپنے دفاع میں تمام اقدامات کرنے چاہیئے۔ الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مصداق انٹونی بلنکن نے الزام عائد کیا کہ حماس کو فلسطینی شہریوں سے کوئی دلچسپی نہیں۔ غزہ کی صورت حال کی اصل ذمہ دار حماس ہے۔ انٹونی بلنکن نے مزید کہا کہ اس وقت غزہ میں جنگ بندی کی گئی تو اس سے حماس کو دوبارہ منظم ہونے اور نئے حملے کرنے کا موقع مل جائے گا تاہم امدادی سامان کی ترسیل اورغیر ملکیوں کے انخلا کے لیے جنگ میں وقفے کے حامی ہیں۔