اسلام آباد: ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو ہوں گے، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کو دوران سماعت آگاہ کر دیا۔90 روز میں انتخابات کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے وکیل الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن نے کیا انتخابات کی تاریخ دی، جس پر وکیل الیکشن کمیشن سجیل سواتی نے بتایا کہ ملک میں عام انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔الیکشن کمیشن نے انتخابات کے شیڈول سے متعلق سپریم کورٹ کو آگاہ کیا۔وکیل الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 29 جنوری کو حلقہ بندیوں سمیت تمام انتظامات مکمل ہو جائیں گے اور 8 فروی کو ملک بھر میں انتخابات ہوں گے۔وکیل کی جانب سے تفصیلات میں مزید بتایا گیا کہ 3 سے 5 دن حتمی فہرستوں میں لگیں گے اور 5 دسمبر کو حتمی فہرستیں مکمل ہو جائیں گی، 5 دسمبر سے 54 دن گنے جائیں تو 29 جنوری بنتی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے کہ ہم نے سپریم کورٹ میں گیارہ فروری کی تاریخ دی مگر پھر 8 تاریخ کو انتخابات کے انعقاد کی تاریخ کا فیصلہ ہوا۔ تمام جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ فراہم کرنے کی ذمہ داری شیڈول جاری ہونے کے بعد آئے گی۔