غزہ:اسرائیل نے غزہ پر رات بھر بمباری کی جس میں شمالی علاقے میں القدس اسپتال اور انڈونیشیا کے ایک اسپتال کو نشانہ بنایا گیا جب کہ مشرقی علاقے میں ترکیہ کے ایک اسپتال اور جنوبی علاقے میں ایک یورپی اسپتال پر بھی بمباری کی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق رات بھر بمباری کے بعد صبح اسرائیل کی برّی فوج نے غزہ میں داخل ہونے کی کوشش کی اور ایک اسرائیلی یرغمالی خاتون فوجی اہلکار کو بازیاب کرانے کا دعویٰ کیا۔دوسری جانب حماس نے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ فوجی خاتون اہلکار اب بھی یرغمال ہیں البتہ اسرائیلی فوجیوں نے ایک معمر شخص کو گولی مار کر قتل کردیا۔حماس نے ایک ویڈیو بھی جاری کی جس میں تین اسرائیلی یرغمالی خواتین کو دکھایا گیا ہے جب کہ حماس 87 اور 85 سالہ اسرائیلی خواتین کو پہلے ہی رہا کر چکا ہے جنھوں نے رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں حماس کے حسن سلوک کی تعریف کی تھی۔