اسلام آباد : مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی سے قبل سکیورٹی سخت کر دی گئی، پولیس کے ساتھ ساتھ رینجرز اور ایف سی کو بھی تعینات کیا گیا۔  سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیلیں بحال کرنے کی درخواستوں پر آج سماعت ہو رہی ہے۔ اس حوالے سے سکیورٹی سخت کرتے ہوئے اسلام ہائیکورٹ کے اطراف داخلی راستے پر سکیورٹی اہلکار تعینات کر دیئے گئے۔ اسلام آباد پولیس کے ساتھ ساتھ ایف سی اہلکار بھی فرائض انجام دے رہے ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے داخلی دروازے پر خاردار تاریں لگا دی گئیں۔ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو عمارت کے اندر جانے کی اجازت نہیں، سماعت کیلئے مخصوص پاس جاری کئے گئے ہیں۔ رینجرز اہلکار ہائیکورٹ کے اطراف تعینات کئے گئے ہیں۔