ملتان(صفدربخاری سے) ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب سیدہ سروش فاطمہ شیرازی نے کہا ہے کہ گزشتہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تعلیمی انفراسٹرکچر کی بحالی اور انرولمنٹ میں اضافے کے لیے اداروں کے مابین کوارڈی نیشن کے نظام کو مزید موثر اور فعال بنایا جائے، وہ ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے اضلاع میں گزشتہ سیلاب سے متاثرہ سکولوں کی بحالی، انرولمنٹ میں اضافے اور ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن کے جائزے کے لیے قائم ایجوکیشن سیکٹر ورکنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کر رہی تھیں۔ اجلاس میں سیکشن آفیسر حنا چوہدری، یونی سیف کے ایجوکیشنل منیجرز کامران احمد، مس سحر، مس رضیہ، طفیل احمد اور فہیم احمد کے علاوہ محکمہ سکول ایجوکیشن، محکمہ لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن، محکمہ سپیشل ایجوکیشن، محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر، محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، محکمہ سوشل ویلفیئر اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکام، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے سی ای اوز ایجوکیشن اور آفات زدہ علاقوں میں سکولوں کی بحالی اور تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والی سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ایڈیشنل سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب سیدہ سروش فاطمہ شیرازی نے کہا کہ گزشتہ سیلاب کے باعث متاثر ہونے والے اضلاع میں کئی سکولوں کا انفراسٹرکچر تہس نہس ہو گیا تھا جب کہ کئی سکولوں کی عمارتیں ملیامیٹ ہو گئی تھیں، انہوں نے کہا کہ دنیا میں کلائمیٹ کی تبدیلی کے بعد قدرتی آفات بڑھتی جا رہی ہیں، لہذا قدرتی آفات سے بچاؤ کے نکتے کو ذہن میں رکھتے ہوئے پیشگی اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔ اجلاس میں متاثرہ سکولوں کی بحالی اور انرولمنٹ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچوں کو تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں بین الاقوامی ادارہ یونی سیف اور دیگر فلاحی تنظیموں کے کردار کو سراہا گیا۔