کوئٹہ(محمد آصف خان ) بارکھان میں خاتون سمیت تین لاشیں کنویں سے ملنے کے واقعے پر لواحقین کا میتوں کے ساتھ ریڈزون کے باہر دھرنا آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔مقتولین کے لواحقین نے چھ نکات پیش کردیے، جن میں کہا گیا ہے کہ سردار عبدالرحمن کھیتران کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور دیگر پانچ لاپتا افراد کو بازیاب کروایا جائے۔لواحقین کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے بلوچستان ہائیکورٹ کے جج کی سربراہی میں جوڈیشنل کمیشن بنایا جائے۔ مطالبات تسلیم نہ ہونے تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔دریں اثنا بارکھان واقعہ پر  بلوچستان بار کونسل کی جانب سے آج عدالتی کاروائیوں کا بائیکاٹ بھی کیا گیا ہے۔دوسری جانب بارکھان واقعے کے خلاف ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی اور پیرکوہ میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جن میں شرکا سردار عبدالرحمن کھیتران کے خلاف شدید نعرے بازی کررہے ہیں۔مظاہرین کا مطالبہ  ہے کہ بلوچستان حکومت خان محمد مری کے دیگر 5بچوں کو فوری طور پر بازیاب کرائے ۔علاوہ ازیں جعفر آباد میں جماعت اسلامی کی جانب سے بارکھان واقعہےکے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ خاتون اور 2 بیٹوں کے قاتلوں کو گرفتار کیاجائے اور حکومت دیگر 5لاپتا بچوں کی بازیابی کے لیے اقدامات کرے۔