کراچی: جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی نے مینڈیٹ کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے چار رکنی مشترکہ کمیٹی تشکیل دے دی۔جماعت اسلامی کا وفد امیرِ کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں پی ٹی آئی سندھ سیکرٹریٹ پہنچا جہاں ان کا استقبال کیا گیا۔ مہمان وفد میں ڈاکٹر اسامہ رضی، مسلم پرویز، انجینئر سلیم اظہر اور منعم ظفر شامل تھے جب کہ پی ٹی آئی وفد کی قیادت صوبائی صدر علی زیدی نے کی ، جس میں مبین جتوئی، بلال غفار، ارسلان تاج، سیف الرحمن، راجا اظہر اور سعید آفریدی شامل تھے۔دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات میں بلدیاتی انتخابات  کے نتائج اور میئر کراچی سے متعلق معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی نے کہا کہ دونوں جماعتوں کی چار رکنی مشترکہ کمیٹی بنائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے نام پر ڈراما ہوا ہے۔ تقریباً 40 یوسیز میں ہمارے مینڈیٹ کو چرایا گیا ہے۔