پاکستان تحریک انصاف نےنئی حکمت عملی اپنا لی ، پہلے مرحلے میں پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد وفاقی حکو مت کے ردعمل کا انتظار کیا جائیگا
لاہور: پاکستان تحریک انصاف نے اسمبلیوں کی تحلیل اور استعفوں کے حوالے سے نئی حکمت عملی اپنا لی،پہلے مرحلے میں پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد وفاقی حکو مت کے ردعمل کا انتظار کیا جائیگا،پی ٹی آئی کے تمام ارکان قومی اسمبلی دوبارہ ایوان میں پیش ہوکر استعفے دینگے جبکہ دوسرے مرحلے میں خیبرپختونخوااسمبلی تحلیل ہوگی، پارٹی رہنماؤ ں نے عمران خان کو سیاسی اعتبار سے ایک صوبے میں حکومت ہر صورت قائم رکھنے کا مشورہ دیدیا جبکہ پی ٹی آئی کی ملک بھر میں جاری احتجاجی تحریک کو انتخابی مہم میں بھی تبدیل کر نے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت زمان پارک میں راولپنڈی کے ارکان اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل اور دیگر سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عمران خان نے کہا پی ڈی ایم حکومت کی غیر موثر پالیسوں نے ملک ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، پاکستان بدترین معاشی بحران سے دوچار ہے۔ معاشی و سیاسی بحران سے نکلنے کا واحد راستہ جلد شفاف انتخابات ہیں۔ذرائع کے مطابق اجلا س میں اسمبلیوں کی تحلیل اور قومی اسمبلی سے استعفوں سے متعلق بڑافیصلہ کرلیا گیا، جس کے مطابق پہلے مرحلے میں پنجاب اسمبلی تحلیل کی جائیگی، تمام ارکان قومی اسمبلی دوبارہ ایوا ن میں پیش ہو کر اپنے استعفے دیں گے۔پھر دوسرے مرحلے میں خیبرپختونخوا اسمبلی کو تحلیل کی جائیگی،عمران خان کو مشورہ دینے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کا موقف تھا پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے بعد پہلے وفاقی حکومت کے ردعمل کا انتظار کیا جائے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی رہنماؤں نے چیئرمین عمران خان کو مشورہ دیا کہ سیاسی اعتبارسے ایک صوبے میں حکومت ہرصورت قائم رہنی چاہیے،جبکہ ارکان کی پنجاب اسمبلی کی تحلیل اور قومی اسمبلی سے دوبارہ استعفوں کے فیصلے کی توثیق کردی گئی۔ارکان اسمبلی نے کہا قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستیں پی ٹی آئی کی امانت ہیں، باقاعدہ عمران خان کی زیر قیادت انتخابی مہم میں جائینگے۔ذرائع نے بتایا پی ٹی آئی نے احتجاجی تحریک کو انتخابی مہم میں بھی تبدیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ خیال رہے اس سے قبل خبرآئی تھی کہ تحریک انصاف کی اعلی قیادت اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پربٹ گئی ہے، جس پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان فوری فیصلہ کرنے سے کترا رہے ہیں اور انہوں نے مزید مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر پارٹی کے اندر دو را ئے پائی جارہی ہیں، پارٹی کے چند رہنما اس حق میں ہیں کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیاں ایک ساتھ توڑ کر وفاقی حکومت پر دباؤ بڑھایا جائے، تاہم اس تجویر پر پارٹی کے اہم رہنما ؤں نے ایک وقت میں ایک اسمبلی تحلیل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔




































Visit Today : 566
Visit Yesterday : 541
This Month : 15330
This Year : 63166
Total Visit : 168154
Hits Today : 2339
Total Hits : 864522
Who's Online : 4




















