ملتان :  معروف نوجوان سیاسی راہنما و امیدوار ایم این اے کبیروالا سید عابد امام شاہ نے سرائیکستان نوجوان تحریک کے مرکزی آفس کا دورہ کیا اور سرائیکی صوبہ تحریک کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ۔اس موقع پر سرپرست سرائیکستان نوجوان تحریک سید اسد عباس شاہ اور چیئرمین مہر مظہر عباس کات نے سید عابد امام شاہ کو سرائیکی اجرک پہنائی اور صوبہ تحریک کی حمایت پر شکریہ ادا کیا ۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی سید فخر امام شاہ کے صاحبزادے سید عابد امام شاہ نے کہا کہ وسیب کے لوگوں کے مسائل دن بدن بڑھ رہے ہیں اور ہمارے لوگوں کی لاہور تک پہنچ بڑی مشکل ہے جس سے مسائل حل ہونے کی بجائے بڑھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علیحدہ صوبہ کروڑوں لوگوں کی ڈیمانڈ ہے اس لیے وسیب کے تمام سیاستدانوں اور ممبران اسمبلی کو علیحدہ صوبہ کے فوری قیام کے لیے مل کر جدوجہد تیز کرنی چاہیے ۔سید عابد امام نے کہا کہ مظہر کات ایک متحرک نوجوان ہے جو الگ سرائیکی صوبہ تحریک کے لیے دن رات جدجہد کررہا ہے اس لیے وسیب کے نوجوان بھی مظہر کات کا بھرپور ساتھ دیں۔اس موقع پر سید اسد عباس شاہ نے کہا کہ سرائیکی صوبہ تحریک گھر گھر میں پہنچ چکی ہے وسیب کے ہر فرد کا سب سے بڑا مطالبہ الگ سرائیکی صوبہ ہے۔مہر مظہر عباس کات نے کہا کہ ہم پوری ایمانداری سے جدوجہد کر رہے ہیں جلد وقت آنے والا ہے جب پورا وسیب سڑکوں پر ہو گا اور ہم اپنی طاقت سے سرائیکی صوبہ بنوائیں گے۔اس موقع پر سماجی راہنما نعیم اقبال،مبین احمد مغل,چوہدری عثمان گل ،سید اقبال شاہ،رضوان قلندری،میثم رضا و دیگر بھی موجود تھے