کوئٹہ(محمد آصف خان )  بلیلی کسٹم کے علاقے میں کچلاک بائی پاس پر بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے قریب خودکش دھماکے میں بچے سمیت 3 افراد جاں بحق جب کہ 20 پولیس اہل کاروں سمیت 27 افراد زخمی ہو گئے۔ھماکا کچلاک بائی پاس پر پولیس کے ٹرک قریب ہوا، جس میں متعدد اہل کار زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ناکا بندی کردی ہے۔ اطلاعات کے مطابق دھماکا خودکش تھا اور اس میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا۔ٹرک میں سوار پولیس اہل کار پولیو مہم کے لیے ڈیوٹی پر جا رہے تھے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ایمبولینس جائے وقوع کی جانب روانہ کردی گئیں جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کے باعث قریب سے گزرنے والی گاڑی بھی زد میں آگئی  اور اس میں سوار ایک خاتون بھی زخمی  ہوئی، جو بعد ازاں دم توڑ گئی۔ابتدائی طور پر بتایا گیا تھا کہ دھماکے میں 10 پولیس اہلکاروں سمیت 15افراد زخمی ہوئے  تاہم بعد میں ملنے والی اطلاعات کے مطابق 20 پولیس اہل کاروں سمیت 27 افراد زخمی  ہیں جب کہ ایک بچے اور پولیس اہل کار کے  جاں بحق ہونے کی اطلاع بھی ہے۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔دریں اثنا ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ اظفر مہیسر واقعے کے بعد جائے وقوع پہنچے، جہاں انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں تقریباً 20 پولیس اہلکار اور 4 شہری زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکہ خودکش تھا جس میں20سے 25 کلو گرام بارودی مواد استعمال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکار پولیو مہم کے دوران سکیورٹی کے لیے جا رہے تھے۔