ملتان (صفدربخاری سے) سوئی ناردرن گیس کاعوام کے لیے احسن اقدام، ایل پی جی سلنڈرز کی فری ہوم ڈیلیوری جاری،گھریلو و کمرشل صارفین مستفید ہونے لگے۔ تفصیل کے مطابق سوئی ناردرن گیس پاکستان کا توانائی بحران کے پیش نظر گیس کی مسلسل سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے ایل پی جی سلنڈرز اوگرا کے متعین کردہ نرخوں پر فراہم کیے جا رہے ہیں۔ گھریلو ایل پی جی گیس سلنڈر 11.8 کلو گرام جبکہ گیس کی قیمت 2375روپے اسی طرح کمرشل سلنڈر 44.4 کلو گرام مقدار گیس کی قیمت 8700 روپے اوگرا کی موجودہ شرح کے مطابق دستیاب ہے ۔فری ہوم ڈیلیوری کا اطلاق 10 کلومیٹر کی حدود میں آنے والے علاقوں پر ہوگا جبکہ 10 کلومیٹر کی حدود سے باہر علاقوں کے صارفین کو دفتر سے وصول کرنا ہے۔اسی طرح ملتان میں 10 کلومیٹر کی حدود میں پیپلز کالونی، مومن آباد، نیو ملتان کالونی،قیصرآباد،فیض ٹاون، فرخ ٹاون، پاک عرب، شاہ رکن عالم، گلشن ٹاون،فاطمہ جناح ٹاون،جوہر ٹاون،بستی شور کوٹ، میتلہ ٹاون،الطاف کالونی،گلگشت، شاداب کالونی،گرین ٹاون، بی زیڈ یو اور ڈی ایچ اے ملتان شامل ہیں۔ایل پی جی سلنڈرز کی خریداری کے لیے سوئی ناردرن گیس کی ہیلپ لائن 1210 پر صبح 8 سے رات 12 بجے تک اور واٹس اپ نمبر03337641199 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
اس حوالے سے سوئی ناردرن گیس ملتان کے جنرل مینجر شہزاد اقبال لون کا کہنا تھا کہ موسم سرما میں عوام کو گیس کی بہتر اور ہمہ وقت سہولیات فراہم کرنے کے لیے سوئی ناردرن گیس کی جانب سے ایل پی جی سلنڈرز کی ہوم ڈیلیوری کا آغاز کیا گیا ہے جس میں گھریلو اور کمرشل صارفین پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر سلنڈرز حاصل کر سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ سوئی ناردرن گیس کی جانب سے ملتان میں 25 نومبر سے ایل پی جی سلنڈرز کی محدود تعداد میں فراہمی کا آغاز کردیاہے۔