بہاولپور( عطاءالمنعم سے ) شعبہ علوم اسلامیہ،دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور کی طرف سے گھوٹوی ہال عباسیہ کیمپس میں سیرت نگار اور معروف شاعر خورشید ناظر کی کتاب حمد الٰہ و مدح محمد صلی اللہ علیہ وسلم (صنعت توشیح و غیر منقوط میں ہدیہ حمد و نعت) کی تقریب رونمائی کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کی صدارت پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور نے کی۔ تقریب میں طلباء و طالبات سمیت شہر کے علمی و ادبی حلقوں کی طرف سے بھر پور شرکت رہی۔چیئرمین شعبہ علوم اسلامیہ ڈاکٹر محمد عمران نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے شعبہ کی طرف سے خورشید ناظر صاحب کو اس عظیم کام پر خراج تحسین پیش کیا۔ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عربیک لرننگ پروفیسر ڈاکٹر شیخ شفیق الرحمن نے کتاب کی خصوصیات پر روشنی ڈالتے ہوئے صاحبِ کتاب کو مبارک باد پیش کی۔مصنف کتاب خورشید ناظر نے وائس چانسلر،ڈین فیکلٹی آف اسلامک اینڈ عربیک لرننگ اور چیئر مین شعبہ علوم اسلامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اپنی کتاب سے سامعین کو متعارف کروایا۔ انھوں نے اس فن سے وابستگی کو باعث سعادت شمار کرتے ہوئے اس میں مزید کام کی اہمیت پر زور دیا۔ آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے صاحب کتاب اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے شعبہ علومِ اسلامیہ کو تقریب رونمائی کے انعقاد پر مبارکباد دی۔وائس چانسلر اسلامیہ نے معروف شاعر خورشید ناظر کی سیرت پر لکھی گئی کتاب کو سیرت چیئر،دی اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور کے زیر انتظام شائع کرنے کا اعلان بھی کیا۔