اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف لندن سے وطن واپس پہنچ گئے ، وزیراعظم نجی ایئر لائن کی پرواز سے اسلام آبادپہنچے۔ میاں شہباز شریف نے روانگی کے موقع پر ذرائع ابلاغ سے انتہائی مختصر بات چیت میں کہا کہ ترکیہ کے شہر استنبول میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے، بچوں سمیت واقعے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہیں۔وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا کہ ہر طرح کی دہشت گردی قابل مذمت ہے، پاکستان ترکیہ کے عوام اور حکومت سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم کو جمعہ کی شب وطن واپس آنا تھا لیکن واپسی سے کچھ دیر پہلے ان کی واپسی اچانک موخر کر دی گئی تھی۔ واضح رہے کہ شہباز شریف شرم الشیخ مصر میں عالمی موسمیاتی کانفرنس میں شرکت کے بعد لندن پہنچے تھے اور لندن میں قیام کے دوران انہوں نے اپنے بڑے بھائی نواز شریف، بیٹے اور خاندان کے دیگر افراد سے ملاقاتیں کی تھیں۔