ملتان(صفدربخاری سے ) سٹی کونسل ایک ایسا تھنک ٹینک ہے جو ملتان شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے انتظامیہ کے ساتھ مل کر اپنا بھرپور عملی کردار ادا کر یگا۔ مختلف محکموں میں موجود سالانہ ترقیاتی فنڈز جو پہلے ہی بہت کم استعمال ہوتے ہیں اور ان کا بڑا حصہ واپس چلا جاتا ہے،ان فنڈز کے بہترین اور بروقت مکمل استعمال کو یقینی بنانے میں سٹی کونسل اپنا کردار ضرور ادا کریگی اور اس کے ساتھ ساتھ شہر کی صفائی، سیوریج، انفراسٹرکچر و دیگر مسائل کے حل کیلئے بھی متعلقہ حکام کو شاندار تجاویز پیش کی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار سٹی کونسل کے اجلاس زیر صدارت ملک ارشد اقبال بھٹہ منعقدہ سٹی کمیونٹی سنٹر میں مہمانان خصوصی چیئرمین سٹی کونسل کرامت علی شیخ،سرپرست اعلی رانا نیک محمد زاہد،نائب صدر میراحمد کامران مگسی،سنیئر وائس چیئرمین بابر چوہدری نے کیا۔ سٹی کونسل کے انفارمیشن سیکرٹری ملک رضوان اعوان،ڈپٹی جنرل سیکرٹری صفدر بخاری،فنانس سیکرٹری محمد شاہد قریشی،ڈپٹی فنانس سیکرٹری حاجی بلال احمد نے کہا کہ ملتان شہر کی بہتری کیلئے جلد ہی گراس روٹ لیول پر جا کر ہر یونین کونسل میں سٹی کونسل کا یونٹ بنائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کی شراکت سے بہترین تجاویز سامنے آئیں اور لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے عملی کام میں آسانیاں پیدا ہوں ۔ اجلاس میں ملک امجد سعید تھہیم نے سیکرٹری جنرل کے فراِئض سرانجام دیئے۔