اسلام آباد :  وزیر اعظم شہباز شریف نے  300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے  فیول  پرائس ایڈجسٹمنٹ چارجزختم کرنے کا اعلان کردیا۔ اس سے قبل 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کیلئے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کیے گئے تھے۔ ن لیگ کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے سابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے معیشت کو تباہ کیا،انہوں   نے ڈالر کمانے کیلئے چینی برآمد کرنے کی اجازت دی، نواز شریف دور میں چینی 52 روپے کلو تھی، پی ٹی آئی حکومت میں چینی100 روپے سے زائد پر  فروخت ہوئی، چینی پرسبسڈی دینے کا کوئی جوازنہیں تھا، چینی پر سبسڈی کے نام پراربوں روپے ہڑپ کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ نااہل، کرپٹ حکومت نے عام آدمی کی زندگی میں بہتری کے لیے رتی برابر کوشش نہیں کی ،جب ان اپنی کو چھٹی کا اندازہ ہوگیا تو کسی نے عمران نیازی کوپٹرول کی قیمتیں کم کرنے کا مشورہ دیا،عمران خان کے پاس دماغ تو ہے نہیں، انہوں نے وزیرخزانہ کو کہہ کر قیمتیں کرادیں۔انہوں  نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے معیشت کو تباہ کیا،  چار ماہ میں پہلے پٹرول کی قیمتیں بہت بڑھیں پھر کم کی گئیں، اگر میرے بس میں ہوتا تو کمی کرتا، میں وہی خادم ہوں، یہ کیسے ممکن ہے میں مہنگائی کا بوجھ ڈالتا ہمارے بس میں نہیں، ساری رات سوچ کر 2 روپے 7 پیسے پٹرول کی قیمت میں اضافہ مجبورا کرنا پڑا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ  عمران خان سے بڑا جھوٹا، مکار، فریبی دھوکے باز اور پاکستان دشمن دنیا میں آج تک پیدا نہیں ہوا، جب آئی ایم ایف کا وقت قریب آرہا تھا تو  خیبر پختونخوا کا خط آئی ایم ایف کو پہنچ گیا، پنجاب کا خط کہیں اٹک گیا، اس کے بعد کسی کو کوئی شک ہے کیا؟ ہم نے مشکل فیصلے لیے ہیں اس کی وجوہات بتاؤں گا۔ انہوں نے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ  جون، جولائی میں فیول ایڈجسٹمنٹ بڑھنے سے عام آدمی کے طوطے اڑ گئے،  ڈرائیوربیچاروں کوبھی 18 ہزارکے قریب بل آگئے تھے،  پہلے مرحلے میں 200 یونٹ استعمال کرنے والوں کے بلوں میں فیول ایڈجسٹمنٹ کو  ختم کیا، اس مہنگائی کے بعد مڈل کلاس طبقے کا مشکل حال ہے، آج 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کو فیول ایڈجسٹمنٹ کے چارجز نہیں دینے پڑیں گے۔