ملتان: عالمی یومِ آبادی 2025 کی مناسبت سے سانجھ پریت آرگنائزیشن ،پاکستان لائنز یوتھ کونسل اور پنجاب پاپولیشن انوویشن فنڈ کی جانب سے مقامی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد بڑھتی آبادی، تولیدی صحت، اور خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے آگاہی دینا تھا۔ تقریب میں ایجوکیشن، ہیلتھ، سوشل ویلفیئر، اور پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے نمائندگان شامل تھے۔اس موقع پرمہمانِ خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر سانجھ پریت پرویز اختر نے اپنے خطاب میں خاندانی منصوبہ بندی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “آبادی پر کنٹرول صرف ایک ذاتی فیصلہ نہیں، بلکہ یہ ایک اجتماعی ذمہ داری ہے۔ پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی نمائندگی ڈسٹرکٹ آفیسر خضر حیات نے کی، جبکہ امن کمیٹی ملتان کے ممبر عبدالماجد وٹو، بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف سوشل اینڈ کلچرل سائنسز کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر طاہر محمود نے بھی آبادی، تعلیم اور میڈیا کے کردار بارے خطاب کیا ۔ اسی طرح پی پی آئی ایف کی جانب سے منیجر مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن محمد عمران احمد نے ادارے کی موجودہ کوششوں پر بات کی۔ دیگر مقررین میں لیڈی ہیلتھ انسپکٹر مس بشریٰ، سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ سے محمد اقبال، اور ڈی او لٹریسی ملتان، عامر رزاق ، پراجیکٹ مینجر فہیم رضا، کمیونیکیشن کوآرڈینیٹر یاسر چوہدری،مانٹیرنگ کوآرڈینیٹر شاہد علی شامل تھے۔ تقریب کے اختتام پر ایک آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء نے بڑھتی آبادی کے چیلنجز اور خاندانی منصوبہ بندی کے حل کے حوالے سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ سانجھ پریت آرگنائزیشن، پاکستان لائنز یوتھ کونسل ، اور پی پی آئی ایف کی جانب سے یکم جولائی سے 11 جولائی 2025 تک جنوبی پنجاب، بالخصوص ملتان میں 11 روزہ آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس مہم کے دوران متعدد خواتین کو جدید فیملی پلاننگ سے متعلق رہنمائی اور مشاورت فراہم کی گئی، جبکہ ٹرینڈ سروس پرووائیڈرز، اور کمیونٹی موبلائزرز نے گھر گھر دورے، کونسلنگ کیمپس، اور یوتھ بیٹھک کے ذریعے مؤثر کمیونٹی انگیجمنٹ کو یقینی بنایا۔ اس کے ساتھ ساتھ، متعدد معلوماتی سیشنز اور یوتھ انگیجمنٹ سرگرمیوں کا انعقاد بھی کیا گیا، تاکہ تولیدی صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے حوالے سے شعور
اجاگر ہو۔