ملتان :  بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کی سینیڈیکیٹ الیکشن میں نومنتخب اراکین میں ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر سمرا مقصود، پروفیسر ڈاکٹر سفینہ ناز، ڈاکٹر محمد امداد اللہ اور ڈاکٹر محمد ساجد طفیل کامیاب قرار پائے۔ اس موقع پر صدر ڈاکٹر بنیا مین ساجد،پروفیسر ڈاکٹر رشید،چوہدری آصف اوراساتذہ برادری کی جانب سے نومنتخب اراکین کو مبارکباد دی گئی منتخب ہونے کے بعد اپنے مشترکہ خطاب میں نومنتخب اراکین نے اساتذہ کے اعتماد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ذمہ داری کو احسن انداز میں نبھانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی کو تعلیمی و تحقیقی میدان میں مزید ترقی دینا ان کی اولین ترجیح ہوگی انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اساتذہ، طلبہ اور یونیورسٹی کے دیگر سٹیک ہولڈرز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے مؤثر آواز اٹھائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ میرٹ، شفافیت اور بہتر گورننس کو فروغ دے کر یونیورسٹی کے تعلیمی معیار کو مزید بلند کیا جائے گا۔نومنتخب اراکین نے کہا کہ وہ یونیورسٹی میں تحقیق کے فروغ، جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب، اور اساتذہ و طلبہ کے لیے سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ باہمی مشاورت اور ٹیم ورک کے ذریعے ادارے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے گی۔آخر میں انہوں نے اساتذہ برادری کے اعتماد کا ایک بار پھر شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ ان کی توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور یونیورسٹی کی بہتری کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔