زین خان ملغانی: 03007311450

بالآخر نیو شاہ شمس کالونی کے مکین اور باشعور سماجی کارکنان فدا حسین، محمد راشد چوہدری، محمد یوسف، ڈاکٹر حنیف تبسم، فهیم خان نیازی، محمد اشرف شاہد، کامران شوکت، ملک احسن، عامر گجر، خواجہ آصف اور زین خان ملغانی کی مسلسل جدوجہد رنگ لے آئی اور ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایم ڈی اے) نے کالونی میں غیرقانونی طور پر قائم کیے جانے والے جمعہ بازار پر باقاعدہ پابندی عائد کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انفورسمنٹ عملے کی تعیناتی کے واضح احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ آئندہ کسی صورت اس غیرقانونی سرگرمی کو دوبارہ سر نہ اٹھانے دیا جائے۔
نیو شاہ شمس ہاؤسنگ اسکیم، جو کہ ایم ڈی اے کی منظور شدہ اور منصوبہ بند کالونی ہے، گزشتہ تقریباً ایک دہائی سے مرکزی دروازے کے قریب عوامی شاہراہوں پر غیر مجاز ریڑھیوں اور اسٹالز کے ذریعے قائم کیے جانے والے نام نہاد “جمعہ بازار” کی زد میں تھی۔ یہ بازار محض جمعہ تک محدود نہ رہا بلکہ اس کی آڑ میں پورا ہفتہ تجاوزات کا ایک مستقل بازار قائم ہو چکا تھا، جس کے باعث شہریوں کو نادرا آفس تک رسائی اور مکینوں کو اپنے گھروں تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
ایم ڈی اے کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ گزشتہ دو برس کے دوران انفورسمنٹ ٹیم کی مسلسل انسدادِ تجاوزات کارروائیوں کے نتیجے میں اس غیرقانونی سرگرمی کو کافی حد تک محدود کیا گیا، تاہم اب عوامی مفاد، ٹریفک کی روانی اور علاقہ مکینوں کے پُرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے اسے مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں ایک باقاعدہ ڈیوٹی روسٹر بھی جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت محسن اعوان، سپرنٹنڈنٹ انفورسمنٹ کو جمعہ کے روز مکمل نگرانی (ویجیلنس) کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جبکہ حسن طارق، انفورسمنٹ انسپکٹر کو عملی کارروائیوں کا پابند بنایا گیا ہے۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ عملے اور مشینری کی معاونت سے اس امر کو یقینی بنائیں کہ آئندہ کسی بھی صورت میں جمعہ بازار قائم نہ ہو اور نیو شاہ شمس ہاؤسنگ اسکیم کو مکمل طور پر تجاوزات سے پاک رکھا جائے۔
مزید برآں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفورسمنٹ مسٹر الیاس گل کو اس پوری کارروائی کی نگرانی سونپی گئی ہے، جنہیں ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہر جمعہ دوپہر تک اپنی کارروائی کی تحریری رپورٹ اور سرٹیفکیٹ متعلقہ دفتر میں جمع کروائیں۔
علاقہ مکینوں نے ڈائریکٹر انفورسمنٹ(ایم ڈی اے) کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اب کالونی کو تجاوزات سے نجات ملے گی اور وہاڑی روڈ کا اس پوائنٹ پر ٹریفک کے لئے بلاک رہنے جیسے شہریوں کو درپیش مشکلات کا مستقل حل ممکن ہو سکے گا۔